موسی خیل: راڑہ شم میں سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد ہلاک


موسی خیل(قدرت روزنامہ) موسی خیل کے علاقے راڑہ شم میں سیکورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے چار مسلح دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد ہائی وے پر بم نصب کر رہے تھے جب فورسز نے کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ یہ دہشتگرد راڑہ شم اور رڑکن کے علاقوں میں مسافر بسوں پر ہونے والے حملوں میں ملوث تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں میں شامل نری اکبر، راڑہ شم میں مسافر بسوں اور نوشم پوسٹ پر حملوں میں ملوث تھا، جبکہ سلیم نامی دہشتگرد رڑکن روڈ پر حملے میں شریک تھا۔ اسی طرح سلیم اور بخت دونوں راڑہ شم روڈ پر ہونے والے حملے میں بھی ملوث رہے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشتگردوں کی ہلاکت سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔