رشتہ پکا ہوگیا! مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر خاندان میں کس سے دوسری شادی کرنیوالے ہیں؟

لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کی دوسری شادی شریف خاندان کے قریبی رشتہ داروں میں ہونے جا رہی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی منگنی لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے چچا زاد بھائی کی نواسی سے طے پا گئی ہے۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ جنید صفدر کی منگنی عثمان جاوید کی صاحبزادی سے ہو رہی ہے، جو جاوید شفیع کے بیٹے ہیں۔ جاوید شفیع، نواز شریف کے قریبی کزن اور دیرینہ خاندانی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔
بدھ کے روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر ایک خاندانی ملاقات ہوئی، جس میں نواز شریف، مریم نواز، جاوید شفیع اور دیگر قریبی رشتہ دار شریک ہوئے۔
اس ملاقات میں باقاعدہ طور پر رشتہ طے کیا گیا اور منگنی کے تمام رسمی معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔ ایک ذریعے نے بتایا کہ رشتہ پکا ہو چکا ہے اور جلد ہی منگنی کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ نکاح اور منگنی کی تاریخوں کا فیصلہ دونوں خاندان آپس کی مشاورت سے کریں گے۔
یہ جنید صفدر کی دوسری شادی ہو گی۔ اس سے قبل ان کی پہلی شادی 2021 میں لندن کے مشہور ہوٹل دی لینسبرو میں عائشہ سیف سے ہوئی تھی جو قطر میں مقیم کاروباری شخصیت سیف الرحمٰن خان کی بیٹی ہیں۔
اس وقت نواز شریف جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے تاہم اکتوبر 2023 میں جنید اور عائشہ صفدر نے باہمی رضا مندی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
جنید صفدر نہ صرف ایک باصلاحیت نوجوان سمجھے جاتے ہیں بلکہ علمی میدان میں بھی نمایاں کارکردگی کے حامل ہیں۔ وہ برطانیہ کی اعلیٰ تعلیمی اداروں سے تعلیم یافتہ ہیں۔
انہوں نے لندن اسکول آف اکنامکس سے 2020 میں بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے یونیورسٹی کالج لندن سے 2022 میں عالمی حکمرانی اور اخلاقیات میں دوسرا ماسٹر مکمل کیا۔
اس سے پہلے وہ ڈرہم یونیورسٹی سے سیاسیات میں فرسٹ کلاس آنرز کے ساتھ گریجویشن کر چکے تھے اور بعد ازاں کیمبرج یونیورسٹی سے بھی فارغ التحصیل ہوئے۔