ڈی جی فشریز غیر قانونی جال کے استعمال سمیت ماہی گیروں کو درپیش مسائل حل کریں، نیشنل پارٹی

گوادر(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی وفد کی ڈی جی فشریز قائم لاشاری سے ملاقات ، ماہی گیروں کے مسائل اور اصلاحات پر گفتگو۔ نیشنل پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صوبائی ماہی گیر سیکرٹری آدم قادربخش کی قیادت میں ڈائریکٹر جنرل فشریز بلوچستان، قائم لاشاری سے ان کے دفتر گوادر میں ملاقات کی۔ وفد میں نیشنل پارٹی گوادر کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد حیاتان اور سینئر رہنما مجید عبداللہ شامل تھے۔ نیشنل پارٹی کے وفد نے قائم لاشاری کو ڈی جی فشریز کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور گوادر آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں بلوچستان کے ساحلی علاقوں خصوصاً گوادر، کنڈملیر، بل، کلمت، چربندن، کپر اور گنز میں ماہی گیروں کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں چھ (6) نئے فشریز سینٹرز قائم کیے جائیں تاکہ مقامی ماہی گیروں کو سہولیات فراہم ہوں اور شعبہ فشریز کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ وفد نے توجہ دلائی کہ فشریز کو باقاعدہ فورس کا درجہ دیا گیا تھا، لیکن اب تک اس پر کوئی عملی پیشرفت نہیں ہوئی۔ سات (7) گن بوٹس کی مرمت مکمل نہیں ہوئی اور نئی گن بوٹس کی خریداری بھی التواءکا شکار ہے۔ نیشنل پارٹی نے مصنوعی مرجان (Artificial Coral Reef) کو سمندر میں پھینکنے کی تجویز بھی پیش کی، جس سے غیرقانونی شکار کی روک تھام اور سمندری حیات کی افزائش ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ مزید برآں ماہی گیر سیکرٹری آدم قادربخش نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ایف او اسلام آباد کے نام دو علیحدہ علیحدہ مراسلوں کی نقول ڈی جی فشریز قائم لاشاری کو پیش کیں، جن میں بلوچستان میں ماہی گیری کے مسائل اور ممکنہ حل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وفد نے فشریز آرڈیننس بلوچستان کی سنگین خلاف ورزی کی بھی نشاندہی کی، جس کے تحت کچھ لانچیں بی ایف ڈی (BFD) کی رجسٹریشن کے باوجود غیرقانونی جال استعمال کر رہی ہیں۔ نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ایسے لانچوں کی رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کی جائے۔ ڈی جی فشریز قائم لاشاری نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ماہی گیری کی صنعت نہ صرف مقامی معیشت بلکہ قومی برآمدات میں اربوں روپے کا کردار ادا کر رہی ہے اور وہ اپنی مکمل کوشش کریں گے کہ ماہی گیروں کے مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ اداروں جیسے پاکستان کوسٹ گارڈز اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ساتھ مل کر سمندر میں گشت اور غیرقانونی شکار کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر ایکسئین بی اینڈ آر احتشام بلوچ، ڈائریکٹر فشریز احمد ندیم، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز شاہ فہد بھی موجود تھے۔