حاجیوں سے بھری موریطانیہ کی حج پرواز کی تباہی کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

نوک چوٹ (قدرت روزنامہ) حاجیوں سے بھری موریطانیہ کی حج پرواز کی تباہی اور اس میں سوار 220 مسافروں کی موت کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی اور یہ دعویٰ بے بنیاد ہے ، موریطانیہ کی کوئی بھی پرواز حالیہ دنوں میں حادثے کا شکار نہیں ہوئی اور تما م پروازیں سعودی عرب پہنچ کر ہی لینڈ کی ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ 2025 میں موریطانیہ کی حج پروازوں کیساتھ کوئی حادثہ نہیں ہوا ہے، تمام عازمین محفوظ ہیں، اور وائرل ہونے والی تصاویر پرانی اور غیر متعلقہ ہیں۔

نیوزویب سائٹ پروپاکستانی کے مطابق پاکستان میں کچھ صحافیوں سمیت دیگر لوگوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ موریطانیہ کے زائرین کو سعودی عرب لے جانے والا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، اس کے ساتھ ایک جہاز کے سمندر میں گرنے اور ایک اور زمین پر جلنے کی ڈرامائی تصاویر بھی تھیں تاہم موریطانیہ کے حکام نے واضح طور پر ایسے کسی واقعے کی تردید کی ہے۔

موریطانیہ کی وزارت مذہبی امور میں حج امور کے ڈائریکٹر الولی طحہ نے تصدیق کی ہے کہ تمام موریطانیائی عازمین بحفاظت سعودی عرب پہنچ گئے ہیں اور حج کی کوئی پرواز کسی حادثے کا شکار نہیں ہوئی۔

موریطانیہ ایئر لائنز نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں واضح کیا گیا کہ تمام حج پروازیں بغیر کسی واقعے کے ختم ہوئیں اور ایئر لائن یا سرکاری اداروں کو حادثات کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ریورس امیج سرچ سے یہ بات سامنے آئی کہ وائرل پوسٹس میں استعمال کی گئی تصاویر سمندر میں گرنے والے طیارے کی تصویر کم از کم چار سال پرانی ہے، جب کہ جلتے ہوئے طیارے کی تصویر 2018 کی ہے لیکن دونوں کو جوڑ کر غلط معلومات پھیلانے کے لیے غلط استعمال کیا گیا ہے۔