جولائی تا ستمبر ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی

این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کےحوالےسےایڈوائزری جاری کر دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے مون سون سیزن 2025 کے لیے موسم کی ابتدائی پیشگوئی کر دی، ڈی جی میٹ نے بتایا کے ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں اور درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، جس سے نہ صرف سیلاب بلکہ دیگر ماحولیاتی خطرات بھی جنم لے سکتے ہیں۔
ڈی جی میٹ مہر صاحبزاد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال جولائی سے ستمبر کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، وسطی اور شمالی پنجاب، بالائی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع اور گلگت بلتستان میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں، ساتھ ہی درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مہر صاحبزاد کا کہنا ہے کہ رواں سال سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کا خدشہ ہے، شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے اورگلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں، جو شمالی علاقوں میں سیلاب کا باعث بن سکتے ہیں۔
پریس بریفنگ میں خبردار کیا گیا کہ ان موسمی اثرات کے نتیجے میں زرعی پیداوار، پھلوں کی فصلوں اور بجلی کی ترسیل کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کےحوالےسےایڈوائزری جاری کر دی
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی، جس کے مطابق موسم کے نئے سلسلے کے باعث ملک بھر میں طوفان، تیزہواؤں اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق آج شام 6 بجے سے رات 11 بجے تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی، موسلاد ھار بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب اور جنوب مشرقی پنجاب میں ژالہ باری، آندھی اور شدید بارش کا امکان ہے ۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، چاسدہ، صوابی اور مردان میں ژالہ باری، آندھی اور شدید بارش متوقع ہے، جنوبی پنجاب میں رحیم یار خان اور صادق آباد کے علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور طوفان کا امکان ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں مظفرآباد اور وادی نیلم میں بھی آندھی، طوفان اور شدید بارش متوقع ہے جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ متوقع موسمی صورتحال میں کھڑی فصلوں، گاڑیوں، سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔
نیشنل ڈایزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے کہ عوام طوفان اور شدید بارش کے دوران محتاط رہیں اور سفر سے گریز کریں۔