کراچی میں تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے فوڈ ڈلیوری بوائے سمیت 2 افراد جاں بحق
ڈیفنس میں تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی کا ڈرائیور عثمان شاہ راشدی سابقہ ڈی آئی جی کا پوتا ہے

کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں تیز رفتار گاڑیوں نے مزید 2 گھرانوں کے چراغ گل کردیے اور فوڈ ڈلیوری بوائے سمیت 2 افراد سے زندگی کا حق چھین لیا۔
پوش علاقے ڈیفنس اور تین تلوار کے قریب 2 مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دونوں واقعات میں ملوث ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈیفنس خیابانِ نشاط پر ڈبل کیبن گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا نوجوان مرتضیٰ آن لائن فوڈ ڈیلیوری کمپنی کا رائیڈر تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور عثمان شاہ راشدی کو گرفتار کر کے گاڑی سمیت درخشاں تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ڈرائیور غفلت اور تیز رفتاری سے ڈبل کیبن گاڑی چلا رہا تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ڈرائیور عثمان شاہ راشدی، سابقہ ڈی آئی جی پیر حسن شاہ راشدی کا پوتا ہے۔
دریں اثنا تین تلوار کے قریب تیز رفتار کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے میں ملوث کار سوار کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین سے مقدمات کے اندراج کے لیے رابطہ کرلیا گیا ہے۔