بلوچستان اسمبلی‘ سوراب حملے کی مذمت: ہدایت بلیدی کیلئے فاتحہ خوانی
ایسے عناصر کی بیخ کنی کا وقت آگیا ہے، ظہور بلیدی

وزیرِاعلی کسی بلیک میلنگ میں نہ آئیں، اپوزیشن بھی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی مولانا ہدایت الرحمان
بلوچستان اسمبلی نے بلوچستان ہیلتھ انسٹیٹیوشن اصلاحات مسودہ قائمہ کمیٹی کے سپرد
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی زیرِ صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوااجلاس کے آغاز میں اے ڈی سی سوراب ہدایت بلیدی کی روح کیلیے ایصالِ ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔بلوچستان اسمبلی نے بلوچستان ہیلتھ انسٹیٹیوشن اصلاحات مسودہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ بلوچستان اسمبلی کااجلاس ہفتے کو قائم مقام سپیکر غزالہ گولہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس میں بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان ہیلتھ انسٹیٹیوشن اصلاحات کا مسودہ قانون مصدرہ 2025مسودہ قانون نمبر20مصدرہ 2025ایوان میں پیش کی جس کو ایوان نے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔مولانا ہدایت الرحمان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعلی کسی بلیک میلنگ میں نہ آئیں، اپوزیشن بھی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، اپوزیش کی توہین نہ کی جائے، احتجاج کرنا ہمارا حق ہے۔بلوچستان کے مفاد میں کام کیلیے حکومت کے ساتھ ہیں، کس محکمے میں کیا ہو رہا ہے سب کو معلوم ہے، بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ٹرالر مافیا موجود ہے۔
وزیر پی اینڈ ڈی ظہور بلیدی نے اس موقع پر کہا کہ سوراب واقعہ کی مذمت کرتا ہوں، سوراب میں کل انتہائی اندوہناک واقعہ پیش آیا، فتنہ الہند نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ایسے عناصر کی بیخ کنی کا وقت آگیا ہے۔اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے کہا کہ ایوان میں ہمارے سوالات کے جوابات نہیں دیے جاتے، بیورو کریسی ہمارے خطوط کے جوابات نہیں دیتی، اسپیکر رولنگ دیں۔اس پر ڈپٹی اسپیکر رولنگ، وزیر سلیم کھوسہ کا کہنا تھا کہ معلومات کا حصول آپ لوگوں کا حق ہے، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، سیکریٹریز حکومت اور اپوزیشن اراکین کے ساتھ تعاون کریں۔رکنِ اسمبلی، مشیر برائے فشریز برکت رند نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سمندر میں غیرقانونی ٹرالر مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے، گزشتہ دو روز کے دوران فشریز نے 3 ٹرالر پکڑے اور کیس بھی فائل کیا۔رکن نیشنل پارٹی رحمت بلوچ نے کہا کہ ایڈی سی کے قتل اور املاک کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہیں، اپوزیشن رہنماں کا احترام کیا جائے، پروٹوکول دیا جائے، کسی تقریب میں جائیں تو اپوزیشن ارکان کیلیے نشست مختص نہیں ہوتی، ہم عوامی نمائندے ہیں، عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئے ہیں۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 3جون سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا