عمران خان حکومت سے نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کریں گے، بیرسٹرسیف

لاہور(قدرت روزنامہ)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) جعلی حکومت سے نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کریں گے۔ایبٹ آباد پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے لئے میڈیا کالونی اسی سال دیں گے ، صوبائی حکومت اور پریس کلب مل کر چلیں تو مسائل حل ہوتے ہیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالیں تو حکومت بہتر انداز میں چلے گی، حکومت کو انتقامی ہتھکنڈوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جعلی حکومت سے نہیں، اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام سے ہی ملکی حالات بہتر نہیں ہوں گے ، پی ٹی آئی نے انڈیا کے ساتھ جنگ میں حکومت کا ساتھ دیا ، پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر جلد تحریک کا آغاز کریں گے، مشاورت جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی لیڈران کو پارٹی کے اندر کے اختلافات میڈیا پر نہیں لانے چاہییں۔