آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے میڈیا دوست اقدامات پر اظہار تشکر

کراچی(قدرت روزنامہ)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے محکمہ اطلاعات بلوچستان کے اشتہاراتی بجٹ میں مالی سال 2025-26 کے لیے قابلِ ذکر اضافے کا پرزور خیرمقدم کیا ہے اور ان کے میڈیا دوست اقدامات پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
اے پی این ایس کے مطابق بلوچستان کی واحد اخباری صنعت گزشتہ کئی برسوں سے شدید مالی بحران سے دوچار تھی، تاہم سابقہ حکومتوں کی جانب سے اس اہم مسئلے پر کبھی سنجیدگی سے توجہ نہیں دی گئی۔ تاہم موجودہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اقتدار سنبھالتے ہی میڈیا انڈسٹری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے فوری اقدامات کیے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے پہلے سال کے دوران پرنٹ میڈیا کے بجٹ کو 27 کروڑ روپے سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے کیا، جو اس صنعت کے لیے ایک خوش آئند قدم تھا۔ اب مالی سال 2025-26 میں اس بجٹ کو مزید بڑھا کر 70 کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جسے اے پی این ایس نے ایک تاریخی اور دور رس فیصلہ قرار دیا ہے۔
اے پی این ایس نے الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا اور اسپیشل سپلیمنٹس کے بجٹ میں اضافے کو بھی ایک مثبت اور قابل تحسین پیش رفت قرار دیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت بلوچستان ذرائع ابلاغ کے تمام شعبوں کی ترقی میں سنجیدہ ہے۔
اے پی این ایس کے مطابق حکومت بلوچستان کے ان اقدامات سے نہ صرف صوبے میں میڈیا انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو کہ ایک اہم سماجی اور معاشی پیش رفت ہے۔
اے پی این ایس نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ساتھ ساتھ چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری بابر خان، حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند، سیکریٹری اطلاعات عمران خان، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون، اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اے پی این ایس نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت بلوچستان اخباری صنعت کے دیرینہ مطالبے پر بھی غور کرے گی اور بی پیپرا رولز کے خاتمے کی منظوری دے گی، جو اخباری اداروں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
آخر میں اے پی این ایس نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت بلوچستان آئندہ بھی اخباری صنعت کی ترقی، استحکام اور میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ ریاست کا چوتھا ستون مزید مضبوط ہو اور ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ حاصل ہو۔
