سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کے بعد ایک اور بڑی اجازت مل گئی

سعودی عرب(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کے بعد اب ایک اور بڑی اجازت مل چکی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کی فٹبال لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر سے شروع ہونے والے اس ایونٹ میں سعودی خواتین پہلی بار فٹبال لیگ میں شرکت کریں گی جبکہ سعودی خواتین کے فٹبال لیگ کے میچز ریاض، جدہ اور دمام میں کھیلے جائیں گے۔
سعودی ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان فرح جعفری نے خواتین کو فٹبال لیگ کھیلنے کی اجازت ملنے پر بے حد مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وہ برطانیہ میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی۔سعودی خواتین نے اس حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ خواتین کو بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے اور انھیں آزادی ملنی چاہیے تاکہ وہ بھی ہرمیدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔
خیال رہے کہ آج سے چند سال قبل سعودی خواتین کو کھیل کے میدان سمیت ہر شعبہ زندگی میں مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد 2017 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خواتین پر عائد مختلف پابندیوں کو برخاست کردیا گیا تھا اور پھر سعودی خواتین کو زندگی کے مختلف شعبہ جات میں آزادی نصیب ہوئی تھی۔