بلوچستان حکومت کا اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے ’’پیپلز مینارٹی کارڈ‘‘ کے اجراء کا فیصلہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)حکومتِ بلوچستان نے صوبے کی اقلیتی برادری کی سماجی و معاشی ترقی، فلاح و بہبود اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے “پیپلز مینارٹی کارڈ” کے اجراء کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں اقلیتوں کی خود انحصاری، تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق اہم منصوبہ جات پر غور کے بعد متعدد اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان تمام مذہبی برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور مساوات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور پیپلز مینارٹی کارڈ اسی وژن کی ایک اہم کڑی ہے، جو اقلیتی برادری کو تعلیم، صحت، کاروبار اور روزگار کے شعبوں میں آسان رسائی فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے رواں مالی سال مینارٹی انڈومنٹ فنڈ کے تحت 50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال اس فنڈ کا حجم بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروگرام کے تحت اقلیتی برادری کے نوجوانوں کے لیے خصوصی تربیتی کورسز، مالی معاونت، اور خود روزگاری کے منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ وہ معاشی طور پر مستحکم ہو کر صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنڈ کے شفاف اور ڈیجیٹل نظام کو یقینی بنانے کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جو وسائل کے درست استعمال اور شفاف تقسیم کو یقینی بنائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان، اقلیتی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کی مشاورت سے پروگرام کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہی ہے تاکہ یہ منصوبہ اقلیتی برادری کی حقیقی ضروریات کے مطابق ہو۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز مینارٹی کارڈ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور سماجی مساوات کے فروغ کا عملی مظہر ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتوں کی خوشحالی دراصل بلوچستان کی اجتماعی ترقی کی ضامن ہے، اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ بابر خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert