آئیں سب مل کر آئین کے لیے سورۂ فاتحہ پڑھیں،سردار اختر مینگل
نام نہاد جمہوری قوتوں نے "صرف ایک شخص کی سیاست ختم کرنے کے لیے اپنی پوری سیاست اور جدوجہد کو راکھ بنا دیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے سینیٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ملک کی جمہوری تاریخ کا ایک المناک باب قرار دیا۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری قوتوں نے “صرف ایک شخص کی سیاست ختم کرنے کے لیے اپنی پوری سیاست اور جدوجہد کو راکھ بنا دیا ہے۔” سردار مینگل نے کہا کہ اس وقت عدلیہ اور آئین کا ہونا “ایک مذاق سے زیادہ کچھ نہیں لگتا”۔ انہوں نے زور دیا کہ اس “دھوکے کو فوراً ختم کریں” ورنہ تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی کہ ایک شخص کے خوف میں آ کر جمہوریوں نے کیا کچھ کر ڈالا۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ کا اختتام کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا، “آئیں سب مل کر پاکستان کے آئین کے لیے سورۂ فاتحہ پڑھیں۔ اللہ آپ سب کے ساتھ ہو!”۔ ان کا یہ بیان حکومتی اتحاد کی جانب سے آئینی اختیارات میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار ہے۔
