رواں سال 67 ہزار آپریشنز، 1873 دہشت گرد ہلاک، سندور آپریشن بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے رواں برس دہشت گردوں کے خلاف کیے جانے والے آپریشنز کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں جنوری 2025 سے اب تک کل 67 ہزار 23 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سب سے زیادہ آپریشنز کیے گئے اور یہاں جنوری سے اب تک 53 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 857 آپریشنز ہوئے۔ ان کارروائیوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 729 دہشت گردی کے واقعات پیش آئے، جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 357 واقعات خیبر پختونخوا میں ہوئے اور 1 ہزار 873 دہشت گرد مارے گئے۔انہوں نے بارڈر مینجمنٹ اور سمگلنگ کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان کے ساتھ خیبر پختونخوا کی سرحد کی لمبائی 1229 کلومیٹر ہے اور یہاں 20 بارڈر کراسنگ پوائنٹس موجود ہیں، لیکن اتنی فورس نہیں کہ اس پر مکمل نگرانی کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں بیٹھا ہوا طالبان رجیم دہشت گردوں کا پناہ گاہ بنا ہوا ہے اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے عناصر پاکستان میں داخل ہو کر دہشت گردی کر رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سویلینز کو کبھی ٹارگٹ نہیں کیا جاتا اور فوج کے ہر افسر کے اثاثے سالانہ بنیادوں پر ظاہر کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس امریکی اسلحہ موجود ہے اور یہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔بلوچستان میں سندور آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ آپریشن بھارت کے منہ پر کالک مارنے کے مترادف ہے اور دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑنے میں اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے اور تیراہ کے راستے سے دہشت گردوں کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی اور سمگلنگ کا گڑھ کہاں ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے عوام کو یقین دلایا کہ فوج اور ایف سی بلا تفریق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے، افغان طالبان رجیم کے ساتھ مسئلہ صرف دہشت گردوں کا ہے، افغانستان کے عوام کے ساتھ نہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی مستقل نگرانی، موثر انٹیلی جنس اور آپریشنز نے ملک میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو نقصان پہنچایا اور آئندہ بھی دہشت گرد عناصر کو ملک کے اندر پناہ نہیں دی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert