عمران خان سے چند سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن اُن کی بے شمار خدمات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،اقرار الحسن


لاہور (قدرت روزنامہ) اینکر پرسن اقرار الحسن کا کہنا ہے عمران خان اس ملک کے سابق وزیراعظم اور 2024 کے الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے سیاستدان ہیں۔ اُن سے چند سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن اُن کی بے شمار خدمات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے ایکس بیان میں کہا کہ اُن پر قائم مقدمات کی صحت سے لے کر جیل میں اُن کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک قابلِ مذمت ہے۔ ایک شہری اور ایک قیدی کی حیثیت سے بھی اُنہیں اُن کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ مگر بدقسمتی سے موجودہ پی ٹی آئی نہ اب تک اُن کی رہائی اور ریلیف میں کوئی کردار ادا کر سکی ہے اور نہ آئیندہ کر سکے گی، اس لئے کہ یہ ایک شخصیت کے گرد اکھٹا ہونے والا ہجوم تھا جس کا شیرازہ اُس شخصیت کے منظر سے ہٹنے کے بعد بکھر گیا۔ ایک شخص کی بجائے ایک نظریے کے گرد اکھٹے ہونے والے نوجوانوں کی ایک نئی، منظم اور مضبوط جمہوری جماعت ہی سیاسی انتقام کے اٹھہتر سال کے سلسلے کو روک سکتی ہے اس لیے کہ اس میں فیصلے شخصیات کی ذاتی انا یا مفاد کی بجائے ملکی، قومی اور جماعتی مفاد کی بنیاد پر مشاورت اور جمہوریت سے کیے جائیں گے۔
اقرار الحسن نے مزید لکھا نوجوان اگر ایک جمہوری پلیٹ فارم پر اکھٹے اور متحد ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ایک اصول کی بنیاد پر عمران خان کی رہائی سمیت آئندہ یہ سلسلہ روکنے کی مربوط اور منظم کوشش کر سکتے ہیں، دھڑوں میں بٹی ہوئی اور ایک دوسرے کو ٹاؤٹ کہتی ہوئی پی ٹی آئی سے یہ کام کبھی نہیں ہو سکے گا۔

WhatsApp
Get Alert