کوئٹہ: معاشرے کی صحت میں ڈاکٹرز کا کردار ستون کی حیثیت رکھتا ہے، نوجوان ڈاکٹرز حقیقی مسیحا بنیں: نصر اللہ خان زیرے

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز معاشرے میں انتہائی اہم اور بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک بیمار اور معاشی طور پر کمزور معاشرے کو صحت مند اور مضبوط بنانے میں ڈاکٹرز کا کردار ستون کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹرز خود کو حقیقی معنوں میں ایک مسیحا کے طور پر ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا ڈاکٹرز نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے اپنے کردار کو مسیحا کے طور پر منوایا ہے اور یہ سلسلہ قابلِ تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا ڈاکٹرز فورم کی جانب سے نئے ڈاکٹرز کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نئے ڈاکٹرز کو خوش آمدید کہا گیا اور ان کی خدمات کے جذبے کو سراہا گیا۔ استقبالیہ سے ڈاکٹرز یونٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر عبدالصمد پانیزئی، ڈاکٹر مزمل خان، ڈاکٹر شازیہ خپلواک اور ڈاکٹر شیر آدم شیرانی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ پشتونخوا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ساتھ پشتون قومی تحریک میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ پارٹی کے مختلف پروگراموں میں فعال شرکت کی، میڈیکل کیمپ لگائے اور غریب، لاچار اور مستحق مریضوں کا مفت علاج کیا، جو ایک عظیم خدمت ہے۔ تقریب میں پارٹی کے صوبائی آفس سیکریٹری ندا سنگر سمیت ڈاکٹر یونٹ کے عہدیداران اور اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے توقع ظاہر کی کہ نوجوان ڈاکٹرز مستقبل میں بھی عوامی خدمت، سماجی فلاح اور سیاسی آگہی کے جذبے کے ساتھ پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنی خدمات جاری رکھیں گے اور پشتون معاشرے کی بہتری میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے آخر میں پارٹی رہنماں اور تمام ڈاکٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
