چاندنی کاکڑ کا حبہ فواد کی بلوچستان کی خواتین کی نمائندگی پر اعتراض، مقامی شناخت اور جدوجہد پر سوالات اٹھا دیے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی نائب صدر محترمہ چاندنی کاکڑ نے کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والی حبہ فواد کی جانب سے بلوچستان کی خواتین کی نمائندگی کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کی نمائندگی کا حق کسی ایسے فرد کو نہیں دیا جا سکتا جس کی مقامی شناخت، سماجی وابستگی اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے سنجیدہ سوالات موجود ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حبہ فواد، جو ماضی میں لاہور سے وابستہ بتائی جاتی رہی ہیں، اب کوئٹہ کے چند دوروں کے بعد خود کو بلوچستان کی رہائشی اور کاکڑ قبیلے سے منسلک ظاہر کر رہی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان کی بلوچستان سے وابستگی کی بنیاد کیا ہے؟ ان کے آبا و اجداد کا تعلق بلوچستان کے کس علاقے سے ہے؟
ان کی مقامی شناخت، قبائلی نسبت اور بلوچستان کی خواتین کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کا ریکارڈ کیا ہے؟انہوں نے کہا کہ بلوچستان کوئی سیاسی پناہ گاہ، تجربہ گاہ یا ایسا میدان نہیں جہاں دوسرے صوبوں سے آنے والے افراد چند روابط قائم کرکے مقامی شناخت اختیار کریں اور پھر بلوچستان کی خواتین کے نام پر سیاسی و سماجی نمائندگی حاصل کر لیں۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف مقامی خواتین کی طویل جدوجہد کی توہین ہے بلکہ ان کے جائز حقوق پر سوالیہ نشان بھی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بلوچستان کی وہ خواتین، جو دہائیوں سے محرومی، غربت، پسماندگی، تعلیمی مشکلات اور سماجی رکاوٹوں کے باوجود اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
صرف اس لیے نظرانداز کر دی جائیں کہ وہ سیاسی اثرورسوخ، مخصوص حلقوں تک رسائی یا طاقتور شخصیات کی سرپرستی نہیں رکھتیں؟کیا بلوچستان میں خواتین کی قیادت کا اتنا بڑا فقدان ہے کہ ان کی نمائندگی کے لیے پنجاب سے شخصیات درآمد کرنا پڑیں؟ کیا اس سرزمین کی پڑھی لکھی، باشعور، سیاسی طور پر متحرک اور قربانیاں دینے والی خواتین میں قیادت کی صلاحیت نہیں؟

WhatsApp
Get Alert