نئے صوبوں کی تشکیل پر سیاست کے بجائے ریفرنڈم کرایا جائے، بلاول کے بیان پر افسوس ہوا: مصطفیٰ کمال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ میں نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق بحث اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ناراض کسی اور سے ہیں، لیکن خون خرابے کی بات ہم سے کر رہے ہیں۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صوبوں کی تشکیل کا فیصلہ سیاسی قیادت کے بجائے عوامی رائے کی بنیاد پر ہونا چاہیے، وزیراعظم کے پاس اس معاملے پر ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، تاہم حیدرآباد، میرپورخاص اور سکھر میں خون بہنے سے متعلق ان کے بیان پر انہیں شدید افسوس ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ شہر ہیں جہاں طویل عرصے سے مہاجر آبادی آباد ہے اور ماضی میں ایم کیو ایم کو یہاں سے انتخابی کامیابیاں حاصل ہوتی رہی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 18 برس کے دوران مہاجر آبادی نسل کشی اور تشدد کا سامنا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کراچی کے بڑے حصے میں بدامنی پھیلی، جبکہ لاڑکانہ سے کراچی تک مہاجروں کی دکانیں اور فیکٹریاں جلائی گئیں، حالانکہ بے نظیر بھٹو کو مہاجروں نے شہید نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود اردو بولنے والے مہاجر ہیں اور کراچی میں ان علاقوں تک پانی پہنچانے کے لیے کام کیا جہاں سے پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی منتخب ہوتے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، اس معاملے کا فیصلہ سیاسی مفادات کے بجائے عوام کی خواہش اور رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔
