کوئٹہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی وزیر اعلیٰ بلوچستان کی درخواست مسترد
الیکشن 28دسمبر کو ہی ہوں گے موسم اور سیکیورٹی کا جواز نہیں مانا: الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئٹہ میں 28 دسمبر 2025 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تفصیلی حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 218(3)، 140A اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ملک میں صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانا کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں اس عمل میں کمیشن کی معاونت کرنے کی پابند ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل اور قانونی ہے جو عدالت سے بھی تصدیق شدہ ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے حلقہ بندیوں پر اٹھائے گئے اعتراضات مسترد کیے جاتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ موسم اور سیکیورٹی صورتحال کی بنیاد پر انتخابات ملتوی نہیں کیے جا سکتے کیونکہ کمیشن نے انتخابی عمل کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ منتخب نمائندوں کی مدت سے متعلق وزیراعلیٰ کی پیش کردہ معلومات درست نہیں تھیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کا پروگرام 19 اکتوبر 2023 کو جاری ہوا تھا جسے عدالت نے عوامی مفاد میں جلد مکمل کرنے کا حکم دیا تھا، لہٰذا انتخابات شیڈول کے مطابق 28 دسمبر کو ہی منعقد ہوں گے۔
