بی ایف اے کا کریک ڈاؤن، ژوب میں ملک شاپ سیل، کوئٹہ سمیت 4 اضلاع میں 33 فوڈ یونٹس پر جرمانے


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے ملاوٹی، ناقص اور مضر صحت اشیا خوردونوش کے خاتمے کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں جاری رکھیں۔ تازہ انسپیکشن کے دوران ژوب میں ایک ملک شاپ کو سیل جبکہ کوئٹہ، اوستہ محمد، سبی اور تربت میں 33 فوڈ یونٹس اور پروڈکشن مراکز پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے۔سیل کردہ ملک شاپ کے خلاف کارروائی ژوب میں عمل میں لائی گئی، جبکہ جرمانہ کیے گئے مراکز میں جنرل اسٹورز، بیکریاں و بیکنگ یونٹس، فاسٹ فوڈ کارنرز، ہوٹلز، ہول سیل ڈسٹریبیوٹرز اور مختلف ملک شاپس شامل تھیں۔بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیموں نے اے ون سٹی، بروری روڈ کوئٹہ میں خفیہ اطلاع پر مشروبات کے ہول سیل ٹریڈرز کی خصوصی انسپیکشن کی، جس میں 2 ٹریڈرز سے ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس ضبط کی گئیں اور دونوں یونٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ملاوٹی دودھ و دہی، ناقص بیکری مصنوعات اور غیر معیاری اشیا کی تیاری و فروخت روکنے کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی، اور عوام کو محفوظ، صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی بی ایف اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert