بلدیاتی انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے، وزراء اور ایم پی ایز کا سرکاری وسائل استعمال کرنا قبول نہیں: نصر اللہ خان زیرے


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رحمت اللہ صابر، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز عبدالرزاق بڑیچ اور باز پشتون نے نواں کلی علاقائی کمیٹی، شالدرہ کلی درانی میں انتخابی دفتر کے افتتاح اور مسلم اتحاد کالونی میں منعقدہ انتخابی عوامی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بلدیاتی نظام جتنا مضبوط ہوگا، عوامی مسائل اتنی ہی تیزی سے حل ہوں گے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں بعض وزرا اور ایم پی ایز کی جانب سے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال، سرکاری مشینری کے اثر و رسوخ اور انتخابی عمل میں مداخلت کے اطلاعات عوام میں شدید بے چینی کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو بلدیاتی انتخابات کے شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ انعقاد میں رکاوٹ بن رہے ہیں، اور وزرا و ایم پی ایز کو سرکاری وسائل کے استعمال سے سختی سے روکا جائے۔ اجتماعات سے ضلع معاون سیکریٹری باچا خان کاکڑ، حاجی عبدالسلام بڑیچ، غنی مہمند، ڈاکٹر حیات بڑیچ، حاجی فدا گل، عبدالرزاق صدیقی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین آئینی ذمہ داری ہے۔ انتخابات میں کسی قسم کی جانب داری، مداخلت یا دھاندلی عوامی اعتماد مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ مقررین نے خبردار کیا کہ اگر بلدیاتی انتخابات کو شفافیت اور غیر جانبداری سے محروم رکھا گیا تو عوام اپنے جمہوری حق کے تحفظ کے لئے پرامن مگر بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی صورت میں غیر جمہوری رویوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert