مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر ڈیڈ لاک، اپوزیشن اتفاق رائے سے ڈرافٹ لائے ورنہ اکثریت سے منظور کر لیں گے: وزیراعلیٰ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسمبلی اجلاس میں مائنز اینڈ منرلز بل پر اپوزیشن کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بل پہلے اتفاق رائے سے منظور ہوا تھا لیکن بعد میں کچھ تحفظات سامنے آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سازی سے منظور ہونے والے ایکٹ کو ایگزیکٹو آرڈر سے نہیں روکا جا سکتا تاہم انہوں نے زبانی طور پر مائننگ ایکٹیوٹی روک رکھی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کو الٹی میٹم دیا کہ سیاسی جماعتیں جلد اتفاق رائے سے ڈرافٹ لائیں، اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت اپنی اکثریت سے اسے دوبارہ منظور کر لے گی۔ اس موقع پر پینل آف چیئر مین نے قائد حزب اختلاف کو جلد تمام جماعتوں کا اجلاس بلا کر تجاویز ایوان میں لانے کی ہدایت کی۔
