کوئٹہ میں دن دہاڑے شہریوں کے قتل کا سلسلہ نہ تھم سکا، متعدد چیک پوسٹوں کے باوجود ملزمان کا باآسانی فرار صوبائی حکومت کی سیکیورٹی حکمت عملی پر سوالیہ نشان ہے، جے یو آئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشیداحمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطائ￿ محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں دن دہاڑے بے گناہ شہریوں کا قتل معمول بنتا جارہا ہے۔ شہر بھر میں متعدد چیک پوسٹوں اور سیکورٹی انتظامات کے باوجود قاتل وارداتیں کرکے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مسلسل شہریوں کو نشانہ بنانے کے افسوسناک واقعات نے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا کردیا ہے۔ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ قاتل، چور، ڈاکو اور راہزن دندناتے پھر رہے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں حکومتی رٹ نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر امن و امان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کریں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

WhatsApp
Get Alert