بلوچستان کی ترقی امن سے وابستہ ہے، دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی

ڈیرہ مراد جمالی( ڈیلی قدرت کوئٹہ)ایف سی بلوچستان 114 ونگ سوئی رائفل کے زیر اہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں ایک عظیم الشان گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم، آئی جی ایف سی بلوچستان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر سمیت اعلی عسکری و سول قیادت نے شرکت کی۔جرگے میں صوبائی وزیر میر عاصم کرد فیلو، پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی، صوبائی مشیر لیبر سردار بابا غلام رسول عمرانی، پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجید بادینی، سابق صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نوروزئی، کمانڈنٹ سوئی رائفل کرنل عثمان اسلم، قبائلی عمائدین، تاجر برادری، اقلیتی نمائندگان، سول سوسائٹی، طلبہ اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گرینڈ جرگے کی میزبانی ایف سی بلوچستان 114 ونگ نے کی، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد رضوان طیب نے انجام دیے۔ جرگے میں امن و امان، قبائلی ہم آہنگی، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعاون سے علاقے میں پائیدار امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔
