کیسکو بجلی کا نظام اکھاڑ رہا ہے، یکم جنوری سے احتجاجی تحریک شروع ہوگی: پشتونخوا نیپ
فارم 47 کی حکومت عوام دشمن ہے، 2 جنوری کو مسلم باغ میں مظاہرہ ہوگا: نصراللہ زیرے، خوشحال کاسی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سینئر نائب صدر اللہ نور خان چیئرمین اور صوبائی سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی نے اپنے مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ کیسکو کی جانب سے بجلی کے انفراسٹرکچر کے خاتمے، کھمبوں سے تاریں اتارنے، چیک پوسٹوں کی بھرمار اور قلعہ سیف اللہ میں پیٹرول پمپس کی بندش کے خلاف یکم جنوری سے بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے کہا کہ اس سلسلے میں 2 جنوری کو مسلم باغ بازار میں احتجاجی مظاہرہ جبکہ دیگر اضلاع میں دھرنے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو “فارم 47 کی پیداوار” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت زور اور زر کے بل بوتے پر قائم ہے اور عوام دشمن اقدامات کر رہی ہے، جس کے خلاف پشتونخوا نیپ عوامی حقوق کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔
