پاکستان میں ایک ماہ کے اندر مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا بند کرنے کا فیصلہ، صرف ای پاسپورٹس جاری ہوں گے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا بند کرکے مکمل طور پر الیکٹرانک پاسپورٹس (ای پاسپورٹس) کے نظام پر منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس پر آئندہ ایک ماہ کے اندر عمل درآمد متوقع ہے۔
وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت اگلے ایک ماہ کے دوران مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا بند کردے گی۔ اس تبدیلی کے بعد پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر اور بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں صرف ای پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔
تاہم، پہلے سے جاری کیے گئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ مدتِ معیاد تک قابلِ استعمال رہیں گے۔ ایسے پاسپورٹس رکھنے والے شہریوں کو ان کی میعاد ختم ہونے تک سفر کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ پاکستان بین الاقوامی امیگریشن نظام میں ہونے والی تکنیکی تبدیلیوں کے مطابق اپنے پاسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ای پاسپورٹس میں نصب الیکٹرانک چِپ جعل سازی کی روک تھام اور مسافروں کی شناخت کی تصدیق کو مزید مؤثر بنانے میں مدد دے گی۔ اس چِپ میں محفوظ الیکٹرانک معلومات کے ذریعے مسافروں کی شناخت اور سفری تفصیلات کی جانچ پڑتال بھی بہتر ہوسکے گی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے مطابق حکومت نئے نظام کو جلد از جلد متعارف کرانے کے لیے کام کر رہی ہے، تاہم پاکستان کی بڑی آبادی اور پاسپورٹ دفاتر کو درپیش انتظامی مشکلات کے باعث عمل درآمد میں تاخیر کا امکان بھی موجود ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان چیلنجز کے باوجود حکومت ایک ماہ کے اندر ای پاسپورٹس کے اجرا کا نظام شروع کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
قومی اسمبلی میں بھی موجودہ پاسپورٹ نظام کو جدید بنانے اور بین الاقوامی سفری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا۔ ای پاسپورٹس کے اجرا سے الیکٹرانک چِپ میں محفوظ معلومات کے ذریعے شناخت کی تصدیق زیادہ مؤثر ہونے اور پاسپورٹ کی سیکیورٹی بہتر بنانے کی توقع ہے۔
