میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، برہمداغ بگٹی واپس آنا چاہیں تو بات چیت کیلئے تیار ہیں: سرفراز بگٹی
بگٹی قوم کبھی کمزور نہیں تھی، خون خرابے سے پریشان ہیں، راضی ناموں کا عمل آگے بڑھائیں گے: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ )چیف آف بگٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ میری جانب سے اور پاکستان کی حکومت کی طرف سے سب کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ اگر نوابزادہ برہمداغ بگٹی ملک واپس آنا چاہتے ہیں تو ہم ان کے ساتھ بھی بیٹھ کر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو اقوام ہمارے ساتھ آ چکی ہیں، جن میں کھوسہ قوم، مزاری قوم، بزدار قوم، کھتران قوم اور ہمارے مختلف ہمسایہ قبائل شامل ہیں، میں ان سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بگٹی قوم نہ کبھی کمزور تھی، نہ کمزور ہے اور نہ ہی کبھی کمزور رہے گی۔میر سرفراز احمد بگٹی نے مزید کہا کہ اگر بگٹی قوم کے ساتھ کہیں بھی زیادتی یا ناانصافی ہوئی تو میں خود سب سے پہلے وہاں جا کر حاضر ہوں گا۔ انہوں نے امن کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بگٹی قوم خون خرابے سے سخت پریشان ہے، اس لیے قبائلی روایات کے مطابق راضی نامے اور مصالحت کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ بگٹی قوم کے اندرونی خونی تصادم کا خاتمہ ہو سکے۔
