ایران جنگ جاری رہتی تو تیل کی قیمت 6 سو روپے لیٹر ہوجاتی، احسن اقبال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایران جنگ جاری رہتی تو تیل کی قیمت 6 سو روپے لیٹر سے اوپر چلی جاتیں اور 193 ممالک کی معیشت بیٹھ جاتی، آج پاکستان کی قیادت صرف پاکستان کی محسن نہیں بلکہ 193 ملکوں کی محسن ہے۔
نارووال میں نجی کالج کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت لوگوں کو بتاتی تھی کہ پاکستان کا بیڑا غرق ہوگیا، ایک لیڈر کی تقریر شروع ہی ستیاناس اور بیڑا غرق سے ہوتی تھی مگر آج اسی پاکستان نے معرکہ حق میں ہندوستان کے دانت توڑ کر رکھ دیے،آج آسٹریلیا سے لے کر امریکا تک پوری دنیا میں جس ملک کے چرچے ہیں تو وہ پاکستان ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج اگر دنیا کے لیڈر جس ملک کو شاباش دے رہا ہیں تو وہ پاکستان ہے، آج دنیا جس کی بہترین سفارت کاری کے قصیدے پڑھ رہی ہے تو وہ پاکستان ہے، اللہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں بلند کر دیا، تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں، جب بھی مسلم لیگ کی حکومت آئی پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی قیادت میں ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی، قائد نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا، اگر ایران جنگ جاری رہتی تو تیل کی قیمت 6 سو روپے لیٹر سے اوپر چلی جاتیں، اگر تیل کی قیمت اس بلندی پر جاتیں تو دنیا کے 193 ملکوں کی معیشت بیٹھ جاتی، آج پاکستان کی قیادت صرف پاکستان کی محسن نہیں بلکہ 193 ملکوں کی محسن ہے۔
