حکومت کے اعلانات اور وعدے جھوٹے نکلے، فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین ذہنی اذیت کا شکار ہیں: نصراللہ زیرے
وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی تھی مگر عمل نہیں ہوا، اربوں روپے شاہانہ خرچ ہو رہے ہیں: احتجاجی کیمپ میں خطاب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین کے مطالبات مکمل طور پر قانونی اور آئینی ہیں، تاہم صوبائی حکومت اپنے اعلانات اور وعدوں پر عمل درآمد میں مسلسل ناکام دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث بزرگ اور ریٹائرڈ ملازمین شدید ذہنی و معاشی اذیت سے دوچار ہیں۔ انہوں نے یہ بات پارٹی وفد کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم فیڈرل لیویز فورس کے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ریٹائرڈ لیویز ملازمین نے وفد کو آگاہ کیا کہ وزیر اعلیٰ نے 27 مئی 2024 کو خود ان کے احتجاجی کیمپ میں مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے فوری نوٹیفکیشن اور عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ ریٹائرڈ لیویز ملازمین گزشتہ تین سال سے پرامن، آئینی اور قانونی جدوجہد کر رہے ہیں۔ کابینہ اور اسمبلی سے منظور شدہ گولڈن ہینڈ شیک کے فیصلے کے باوجود ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تاخیری حربے اختیار کرنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت اربوں روپے شاہانہ اخراجات اور کرپشن پر خرچ کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف 30 سے 40 سال تک خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کی مسلسل بے حسی کے باعث فیڈرل لیویز فورس ملازمین کے پرامن احتجاجی دھرنے کی پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
