دینی تعلیم خیر و برکت کا سبب ہے، مسلمانوں کی ذلت کی وجہ ان کا اپنا کردار ہے، مولانا محمد خان شیرانی کا خطاب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ دین ہمیں اپنے وجود اور کائنات کے مقصد تخلیق کا فہم دیتا ہے اس وجہ سے دینی تعلیم خیر و برکت کا سبب اور دین کی تعلیم کیلئے کام کرنے والے مراکز فضیلت رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ دارالعلوم زرغون آباد نواں کلی،گلشنِ صدیقِ اکبرؓ کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ جلسہ دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کسی ایجاد کی تخلیق کے مقاصد اس کا خالق اور موجد متعین کرتا ہے جب ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری ذات اور اس کائنات کا خالق اللہ تعالیٰ ہے تو ہمیں اپنے وجود کے استعمال اور مال کو کسب و خرچ کرنے کے بارے میں اللہ کے نازل کردہ کتب کی تعلیمات سے رہنمائی لینی ہوگی اور جب ہم مانتے ہیں کہ اس کائنات کا حاکم اللہ تعالیٰ ہے تو رعایا کیلئے حاکم کی حاکمیت کا تقاضا یہ ہوتا ہے کہ اس کی حاکمیت کو تسلیم کریں، شعائر کا احترام کریں اور اس کے وضع کردہ قوانین کی پابندی کریں انہوں نے کہا کہ انسان کا معنی انس اور اپنائیت ہے اور انسانوں کے درمیان اپنائیت تب آتی ہے جب زبان اور دل، قول و عمل، ظاہر و باطن، آج اور کل، اپنی ذات اور جہان کی خیرخواہی کا فکر و کردار ایک ہو جب کردار میں توحید آتی ہے تو اشخاص میں یکسوئی آتی ہے، یکسو انسانوں کے معاشرے سے آپس کا خوف اور بے اعتمادی ختم ہوجاتی ہے، جن انسانوں کے کردار میں توحید نہ ہو تو وہ صراط مستقیم پر قائم نہیں رہتے اور حیوانی صفات ان میں پیدا ہوجاتے ہیں حیوانات کی خاصیت یہ ہوتی ہے کہ وہ جب کمزور ہو تو چرنے والے ہوتے ہیں اور جب طاقتور ہوں تو درندگی اختیار کرتے ہیں، منافق انسانوں کے معاشرے میں بھی کمزور لوگ خوف اور لالچ کے شکار ہوتے ہیں جبکہ طاقتور لوگ ظلم اور جبر کو اپنا حق سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی ذلت،غلامی اور مظلومیت کا سبب مسلمانوں کا اپنا کردار ہے جب تک کردار کو تبدیل نہیں کیا جاتا ذلت کی حالت عزت سے تبدیل نہیں کی جاسکتی اس لئے کہ اللہ کا قانون یہ ہے کہ کوئی بھی حالت، عمل کا نتیجہ ہوتا ہے اور جن اعمال پر جو نتائج مرتب ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ کے ضابطے کے مطابق طے شدہ ہیں جلسہ دستار بندی میں عالمی شہرت یافتہ افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے قراء کرام الشیخ عیدی شعبان،شیخ فردان آدم اور مفتی شہاب الدین نے حسن قرائت پیش کیا جلسے کے اختتام پر مدرسہ دارالعلوم زرغون آباد کے مہتمم قاری محمد نقیب اللہ کے جانب سے شرکاء کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔

WhatsApp
Get Alert