بسنت کی تیاریاں، لاہور سمیت چار اضلاع میں پتنگ سازی کی مشروط اجازت

لاہور(قدرت روزنامہ) حکومت پنجاب نے 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کی اجازت کے تناظر میں لاہور سمیت مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی مشروط اجازت دے دی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پنجاب کابینہ نے فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں قابل اجازت پتنگ سازی مواد تیار کرنے کی منظوری پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دی ہے۔ ان اضلاع میں صرف مینوفیکچررز کو پتنگ اور ڈور بنانے کی اجازت ہو گی۔
ترجمان کے مطابق ان چاروں اضلاع میں تمام مینوفیکچررز کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رجسٹر ہونا ہو گا۔ جبکہ حکومت پنجاب کے ای بز پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف کائٹ فلائنگ رولز کے مطابق پتنگیں اور ڈور تیار کر سکیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز تیار کردہ پتنگیں اور ڈور صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو فروخت کر سکیں گے۔ پتنگ بازی کا یہ سامان صرف لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو استعمال کے لیے فروخت کیا جا سکے گا۔
حکومت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ فیصل آباد، قصور۔ شیخوپورہ اور ملتان میں تیار کردہ پتنگ بازی کا سامان کسی دوسرے ضلع میں فروخت یا استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ ان اضلاع میں صرف مینوفیکچررز کی رجسٹریشن کی اجازت دی گئی ہے۔ جبکہ ٹریڈر یا سیلر کے طور پر رجسٹریشن کی اجازت نہیں ہو گی۔
ترجمان کے مطابق چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو منظوری کے مطابق انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ بسنت منانے کی اجازت صرف لاہور کے لیے دی گئی ہے۔ اور مقررہ تاریخوں سے قبل یا پنجاب کے کسی اور ضلع میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔
