جو لوگ سنجیدہ مذاکرات کے خواہاں ہیں، ان سے بات نہیں کی جارہی، جبکہ جو مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، ان کو درخواستیں دی جا رہی ہیں, رانا ثنا اللّٰہ کی اپوزیشن پر تنقید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ سنجیدہ مذاکرات کے خواہاں ہیں، ان سے بات نہیں کی جارہی، جبکہ جو مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، ان کو درخواستیں دی جا رہی ہیں۔
سینیٹ آف پاکستان کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت جمہوری انداز میں معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے کیونکہ جمہوریت کا راستہ مذاکرات سے ہوکر گزرتا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ میثاق جمہوریت کی مضبوطی کے لیے حکومت کا ساتھ دے اور سیاسی عمل کا فعال حصہ بنے۔اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹیوں میں شرکت کرنی چاہیے کیونکہ ماضی میں بھی وہ ایسی کمیٹیوں کا حصہ رہی ہے، تاہم بعد میں بعض فیصلوں سے پیچھے ہٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے اس وقت بھی مفاہمت کی کوشش کی تھی جب اپوزیشن اقتدار میں تھی اور آج بھی ملک کی بہتری کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ڈاکٹرز نے ان کا معائنہ کیا اور ان کے مطالبے پر بعض افراد کو بھی شامل کیا گیا، جبکہ بیرسٹر گوہر خان کو شرکت کی دعوت دی گئی لیکن انہوں نے شرکت سے انکار کیا۔ایک طبی معائنے کے بعد ڈاکٹر کی رائے میں علاج کو درست قرار دیا گیا، اس لیے اس معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں اس حوالے سے مزید مطالبات نہ تو پیش کیے گئے اور نہ ہی منظور ہوئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert