’بندوق یا ڈنڈا نہیں اٹھا سکتا، سہیل آفریدی کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر ردعمل

پشاور (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
آل پاکستان وکلا جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ تین مرتبہ عدلیہ کا آرڈر لے کر گیا لیکن اپنے قائد عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا، اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ عدلیہ کے حکم کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیتا ہے، میں بندوق یا ڈنڈا نہیں اٹھا سکتا صرف آئین و ریاست کے دکھائے راستے پر چلوں گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عدلیہ کے احکامات پر عمل کروانا خود عدلیہ کی ذمہ داری ہے، عمران خان کے کیسز سماعت کیلیے نہیں لگائے جا رہے، عدلیہ میں کچھ لوگ آواز اٹھانا چاہتے ہیں لیکن ان کا ساتھ نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ایک سیاسی جماعت کے ساتھ مسلسل ظلم کیا جا رہا ہے، آج ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے کل کسی اور کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے، 22 اپریل کو بانی پی ٹی آئی کے کیسز لگے ہیں، وکلا ساتھ دیں تو دیکھتے ہیں انصاف کیسے نہیں ملتا، 5 مئی تک سابق وزیر اعظم کے کیسز نہ لگے تو 6 مئی کو ملک گیر قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین و قانون کے مطاق اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے، پوری قوم وکلا کی طرف دیکھ رہی ہے۔
عمران خان کی اہلیہ کے بارے میں سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی خاتون ہیں، ان کی طبیعت ناساز ہونے کے باوجود رعایت نہیں دی جا رہی۔
