بلوچستان ‘ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے چیئرمین بورڈ کی ملاقات ‘ امتحانی مراکز میں نقل روکنے کے لیے پولیس اسپیشل برانچ کی مدد طلب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کے روز یہاں چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد اسحاق نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین بورڈ نے ادارے میں جاری اصلاحاتی عمل اور صوبہ بھر میں ہونے والے امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں تعلیمی نظام کی بہتری اور امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور دیانتداری کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقل جیسے ناسور کا خاتمہ نہ صرف تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے بلکہ اس سے طلبہ میں محنت اور قابلیت کے رجحان کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں ایسا تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا جہاں صرف میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پولیس اسپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ وہ صوبے میں جاری امتحانات کے دوران امتحانی مراکز کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور اس حوالے سے متواتر رپورٹس فراہم کریں تاکہ کسی بھی بے ضابطگی یا نقل کے واقعات کی بروقت روک تھام ممکن بنائی جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی اداروں میں اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔
