پاک فوج کی کاوشوں سے پارہ چنار ائیرپورٹ دوبارہ فعال، لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کامیاب

پارہ چنار(ـقدرت روزنامہ)پاک فوج کی کاوشوں کی بدولت پارہ چنار ائیرپورٹ دوبارہ فعال کردیا گیا ہے، جہاں لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز بھی کامیاب رہے ہیں۔ اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاک آرمی ایوی ایشن کی جانب سے آپریشنل لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کا کامیاب انعقاد کیا گیا، آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کی تکمیل کی جس کے نتیجے میں پارہ چنار ائیرپورٹ کو فعال کرنے کی اہم کامیابی ملی۔

حکام کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے مرکزی شہر پارہ چنار میں قائم ائیرپورٹ رن ویز پیشہ ورانہ معیار کے مطابق اور اعلیٰ حفاظتی معیارات پر پورے اترتے ہیں، ائیرپورٹ کی تعمیر و مرمت کو علاقے میں ائیرٹرانسپورٹ کی بحالی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔

،ماضی میں یہ ایئرپورٹ طویل عرصے تک مختلف انتظامی یا آپریشنل وجوہات کی بنا پر محدود سطح پر آپریشنل یا غیر فعال صورتحال کا شکار رہا، تاہم اب اسے دوبارہ فضائی آمدورفت کے قابل بنانے کے لیے عملی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔لینڈنگز ارو ٹیک آف تجربات کا مقصد ائیرپورٹ کیلئے ضروری ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانا تھا۔

عسکری ماہرین کا ماننا ہے کہ ایئرپورٹ کے رن وے، گراؤنڈ انفراسٹرکچر اور بنیادی نظام کو مکمل جانچ کے بعد پیشہ ورانہ معیار کے مطابق قرار دیا گیا ہے۔ اس عمل میں نہ صرف تکنیکی پہلوؤں کو پرکھا گیا بلکہ مختلف موسمی اور آپریشنل حالات میں لینڈنگ اور ٹیک آف کی صلاحیت کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert