پختونخوا کے صحافیوں کو بلاسود قرض فراہمی کیلئے سکیم تیار کرنے کی ہدایت

پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا کے صحافیوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے سکیم تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اطلاعات و تعلقات عامہ، سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی، قانون، مائنز و منرلز اور لیبر ڈیپارٹمنٹنس کے نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں صحافیوں کو میڈیا پروڈکشن و براڈکاسٹنگ سیٹ اپس قائم کرنے کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بلا سود قرضوں سے نوجوان صحافیوں کیلئے خود روزگاری اور اپنے پلیٹ فارمز کے قیام میں آسانی ہوگی، صحافی خودمختار و بااختیار ہوں گے اور فرائض آزادانہ طور پر انجام دے سکیں گے۔

صحافیوں کیلئے میڈیا کالونیوں کے قیام اور ضم اضلاع میں پریس کلبوں کی بہتری کیلئے سکیمیں تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے تمام جوڈیشل کمپلیکسز میں ڈے کیئر سینٹرز کے قیام کی بھی ہدایت کی، پشاور میں جوڈیشیل اکیڈمی کا قیام، باجوڑ اور مانسہرہ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشیل کمپلیکسز کے قیام بارے بھی غور کیا گیا، ورک پلیس ہراسانی قانون مزید سخت کرنے اور شکایات کی کارروائی خفیہ رکھنے کیلئے ترامیم تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اور ان بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بھی سکیم تجویز کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ صوبے میں مائننگ والے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی بھی ہدایت کی گئی۔

آئی ٹی شعبے میں ڈرون سنٹر آف ایکسیلنس، سائبر سکیورٹی آپریشن سنٹر اور ضم اضلاع میں ڈیجیٹل سٹی کے قیام کی تجاویز بھی زیر غور آئی، ضم اضلاع کے نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل انٹرن شپ پروگرام اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سنٹرز کے قیام کی تجویز دی گئی۔

اجلاس میں معدنیات کی جیولوجیکل میپنگ، پلیسر گولڈ ایکسپلوریشن اور کریٹیکل منرلز کیلئے انٹیگریٹڈ جیو سائنس سروے و ڈیٹا ریپازیٹری کی تجویز دی گئی، جبکہ ضم اضلاع میں مائنز ریسکیو سیفٹی اور ٹریننگ سنٹرز کو مضبوط بنانے کیلئے بھی سکیم تجویز دی گئی۔

WhatsApp
Get Alert