ویرات کوہلی سے ملاقات نہ ہونے پر کم عمر مداح نے غصے میں بیٹ توڑ ڈالا، ویڈیو وائرل

ممبئی(قدرت روزنامہ)آئی پی ایل سیزن کے دوران بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی سے ملاقات اور آٹوگراف حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والا ایک کم عمر مداح آٹوگراف نہ ملنے پر شدید مایوسی کا شکار ہو گیا اور غصے میں اپنا کرکٹ بیٹ توڑ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بچہ ہوٹل کے ریسیپشن پر ویرات کوہلی کا انتظار کر رہا تھا تاکہ وہ اپنا کرکٹ بیٹ ان سے سائن کرا سکے۔ جب رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کھلاڑی ویرات کوہلی اپنی سیکیورٹی اور اسٹاف کے ہمراہ ہوٹل پہنچے تو بچے نے ان کے قریب جانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے روک دیا۔
وہاں موجود افراد کی جانب سے درخواستوں کے باوجود بچے کو ویرات کوہلی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس پر وہ شدید مایوسی کا شکار ہو کر رونے لگا اور غصے میں اپنا کرکٹ بیٹ زمین پر مار کر توڑ دیا۔
All this boy wanted was an autograph from Virat Kohli on his bat. How much time does it take to sign for a fan who definitely looks like a cricket player?
On the other hand the busiest man of India pauses in the middle of his rally to accept sketches made by children only to… pic.twitter.com/PUPpkDGrzz
— SUDHIR (@seriousfunnyguy) April 28, 2026
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ صارفین نے بچے سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لمحات بچوں کے لیے انتہائی اہم اور یادگار ہوتے ہیں جبکہ بعض نے کھلاڑیوں کی مصروفیات اور سیکیورٹی مجبوریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ ہر وقت ملاقات ممکن نہیں ہوتی۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’کبھی کبھی ایک چھوٹا سا لمحہ کسی اسٹار کے لیے عام بات ہوتا ہے لیکن بچے کے لیے وہ زندگی بھر کی یاد بن جاتا ہے‘۔ ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ ’ہر بار کوئی کھلاڑی آپ کو آٹوگراف نہیں دے سکتا یا ملاقات نہیں کر سکتا کیونکہ ان کی اپنی زندگی اور ذاتی وقت بھی ہوتا ہے۔ ہم نے ویرات کوہلی کو اکثر مداحوں سے ملتے اور آٹوگراف دیتے دیکھا ہے‘۔
کئی صارفین نے بچے کے ردعمل پر بھی تنقید کی۔ ایک نے لکھا ’آج کل کے بچے غیر ضروری غصہ دکھانا نہیں چھوڑتے۔ والدین کو یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ اس طرح کا غصہ دکھا رہا ہے‘۔ ایک اور نے سوال کیا کہ ’کیا ویرات ہزاروں مداحوں کو آٹوگراف دے سکتے ہیں؟ کیا یہ ممکن ہے‘؟
