عمران خان منی بجٹ لانے کے بجائے ملک کو تباہ کرنے پر معافی مانگے، حمزہ شہباز

(قدرت روزنامہ)اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان منی بجٹ لانے کے بجائے عوام سے جھوٹے وعدے ، کمر توڑ مہنگائی ، معاشی سبز باغ دکھانے اور ملک کو تباہ کرنے پر معافی مانگے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے منی بجٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج حکومت منی بجٹ نہیں عوام کے معاشی قتل عام کے پروانے کی کابینہ سے منظوری لینے جا رہی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ساڑھے تین سال بعد بھی عمران خان کا منی بجٹ لانے کی وجہ گزشتہ حکومتوں کو قرار دینا دماغی خلل کا نتیجہ ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 350 ارب کے منی بجٹ کے ذریعے لگنے والے ٹیکسوں سے جو سیکڑوں اشیاء مہنگی ہونے جا رہی ہیں اس کا عام مہنگائی پر اثر نہیں پڑے گا؟

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران حکومت کا واحد معاشی مقصد اب صرف عوام سے ٹیکس بٹورنا رہ گیا ہے، حکمران مال بنانے میں مصروف ہیں اور عوام فاقوں سے خودکشی پر۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا پیک فوڈ ، بجلی، پیٹرول ، دالیں اور گھی سمیت دیگر اشیاء اس منی بجٹ کے مرہون منت مزید مہنگی ہو جائیں گی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی تجاویز بھی تشویشناک ہیں تمام معاشی اشاریے بتا رہے ہیں کہ ملک ریت کے پہاڑ کی طرح ڈھے رہا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ معاشی غلامی اختیار کر کے سیکورٹی پالیسی پر بغلیں بجانا اس حکومت کی کوتاہ اندیشی کی مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منی بجٹ سے لگنے والے ٹیکسوں سے کاروبار مزید ختم اور معیشت سکڑ کر رہ جائے گی یہ بجٹ نہیں لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کا منصوبہ ہے۔