بلوچستان ، ڈکیتیاں اور حادثات: قبائلی رہنما کے قافلے پر حملہ، پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق، ایک اغوا اور متعدد زخمی

صحبت پور، بارکھان، پنجگور، جھل مگسی، ڈیرہ مراد جمالی، کچھی، نوتال، بھاگ ( قدرت نیوز ) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی، فائرنگ، قبائلی تصادم، اغوا، ڈکیتی اور ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات میں ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک شخص کو اغوا کر لیا گیا، جبکہ متعدد افراد زخمی اور لٹ گئے۔
تفصیلات کے مطابق، جھل مگسی کے علاقے پٹ کالرہ کے مقام پر نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے قبائلی رہنما سردارزادہ وزیر خان لاشاری کے قافلے پر حملہ کر کے شدید فائرنگ کر دی۔ اس حملے میں پولیس اہلکار انگل خان لاشاری شہید ہو گئے، تاہم سردارزادہ وزیر خان لاشاری اور سردارزادہ خالد خان لاشاری محفوظ رہے جبکہ ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ جوابی فائرنگ کے بعد مسلح ڈاکو رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور لاشاری قبیلے کے سینکڑوں مسلح افراد نے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا ہے اور ضلع بھر کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
ادھر پنجگور کے علاقے تسپ میں مسلح افراد کی جانب سے اغوا کی ایک واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایاز نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ حملہ آور امین جان نامی شخص کو زبردستی اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے مغوی کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بارکھان کی یونین کونسل رڑکن میں بھی بدامنی کا واقعہ پیش آیا جہاں صوبہیانی برادری کے دو گروہوں کے درمیان تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں نور احمد نامی شخص گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ علاقے میں کشیدگی کے باعث پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
صحبت پور میں پولیس تھانہ ملک محمد علی کی حدود میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد قتل کر دیے گئے۔ عبدالستار ڈپ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریکٹر ڈرائیور محمد علی بروہی جاں بحق ہوئے، جبکہ ستار کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے وحید علی ولد رسول بخش بروہی کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ تمام واقعات کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
صوبے میں ٹریفک حادثات اور لڑائی جھگڑوں نے بھی شہریوں کو متاثر کیا۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا محکمہ زراعت کا ملازم ہمت علی پندرانی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ صحبت پور میں تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل حادثے میں شوکت علی (بنگلانی) اور محمود زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ تھانہ نوتال کی حدود گوٹھ چھتر روڈ پر لڑائی جھگڑے میں دو افراد حاجی خان اور عرض محمد زخمی ہو گئے۔
جرائم پیشہ عناصر نے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں بھی شہریوں کو نشانہ بنایا۔ کچھی (بھاگ) کے قریب پیر تیار غازی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر مستری ذاکر حسین گہورانی سے، جبکہ جھل مگسی تھانے کی حدود گوٹھ اوڈھانہ مٹ میں فرحان علی سے ان کی موٹر سائیکلز، نقدی اور موبائل فون چھین لیے۔ ڈیرہ مراد جمالی مین بازار میں موبائل مارکیٹ کے سامنے سے چابی چور تاجل بگٹی کی موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے۔
متعلقہ تھانوں کی پولیس نے ان تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش اور چھاپوں کا آغاز کر دیا ہے۔
