عدت میں نکاح کیس میں خاور مانیکا پر تشدد، ملزم کی عدم پیشی پر عدالت کے سخت ریمارکس

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران خاور مانیکا پر تشدد کے کیس میں ملزم انصر کیانی کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
جج طاہر عباس سپرا نے کیس پر سماعت کی، نعیم حیدر پنجھوتھا اور عثمان ریاض کی دہشت گردی کی دفعات کے حوالے سے دائر درخواست پر دلائل نہ ہو سکے۔
جج طاہر عباس سپرا نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آج انصر کیانی پیش نہیں ہوتا تو وارنٹ نکلیں گے اور مچلکے بھی ضبط ہوں گے، عام بندے کے لیے الگ قانون اور وکیل کیلئے الگ قانون نہیں ہو سکتا۔
جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ انہی چیزوں کی وجہ سے ہم 126ویں نمبر پر موجود ہیں، اگر اگلی سماعت پر دلائل نہیں ہوتے تو ریکارڈ دیکھ کر درخواست پر فیصلہ کروں گا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔ پی ٹی آئی وکلاء کے خلاف تھانہ رمنا میں خاور مانیکا پر تشدد کا مقدمہ درج ہے۔
