دانش اسکولوں کا جال پورے ملک میں بچھائیں گے، ہونہار نوجوان پاکستان کا فخر ہیں، وزیراعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے کہا ہے کہ دانش اسکولوں کے نیٹ ورک کو پورے ملک میں وسعت دی جائے گی تاکہ غریب اور باصلاحیت طلبہ کو معیاری اور یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
گلگت بلتستان میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہونہار نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ملک کا فخر ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد ایسے طلبہ کو جدید تعلیم، بہتر سہولیات اور مساوی مواقع فراہم کرنا ہے جو وسائل کی کمی کے باوجود قابلیت رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں دانش اسکولوں کا منصوبہ شروع کرنے پر ابتدا میں تنقید کی گئی تھی، تاہم آج یہ ادارے ہزاروں مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اسی ماڈل کو پورے پاکستان میں پھیلایا جا رہا ہے تاکہ ملک بھر کے بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع میسر آئیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دانش اسکولوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے، جن میں سمارٹ کلاس رومز، ای لائبریریز اور ڈیجیٹل تعلیمی نظام شامل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی ترقی کے لیے محنت، دیانت اور میرٹ کو بنیاد بنانا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے لیپ ٹاپ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ طلبہ کو ان کی محنت اور قابلیت کی بنیاد پر دیے گئے ہیں، خاص طور پر ایسے طلبہ کو ترجیح دی گئی جو مالی طور پر کمزور مگر ذہین ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
گلگت بلتستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خطہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور حکومت یہاں تعلیمی اور توانائی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں دانش اسکولوں کو جدید سہولتوں سے لیس کیا جائے گا جبکہ 100 میگاواٹ شمسی توانائی کا منصوبہ بھی آئندہ سال مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے 15 ہزار گھرانوں میں مفت سولر پینلز بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار نوجوان نسل کی تعلیم اور بااختیار بنانے پر ہے، اور حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert