غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان کیلئے بُری خبر

پشاور(قدرت روزنامہ) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے مالکان کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور ٹیکس نادہندہ موٹرسائیکلوں کیخلاف خصوصی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ایسی تمام گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں جو اب تک رجسٹرڈ نہیں یا جن کے ٹوکن ٹیکس واجبات ادا نہیں کیے گئے، ان کے مالکان فوری طور پر اپنے کاغذات مکمل کروائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے واضح کیا گیا کہ شہری اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بروقت رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر بھاری جرمانے، گاڑیوں کی ضبطگی اور دیگر سخت قانونی اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے ٹریفک ریکارڈ بہتر بنانے، جرائم کی روک تھام اور گاڑیوں کے مکمل ڈیٹا کو منظم رکھنے میں مدد ملے گی۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے جلد از جلد اپنے واجبات ادا کریں اور قانونی تقاضے پورے کریں۔
