بشریٰ بی بی کا علاج جیل حکام کی ذمہ داری ہے جو کہ بہتر انداز میں کیا جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا علاج اڈیالہ جیل حکام کی ذمہ داری ہے جو کہ بہتر انداز میں کیا جا رہا ہے۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ عدالت کی جانب سے سزا یافتہ بشریٰ بی بی اور عمران خان اس وقت جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں، بشریٰ بی بی کی جیل میں لیونگ کنڈیشنز سے متعلق سپریم کورٹ میں باقاعدہ ڈسکشن ہو چکی ہے، سلمان صفدر نے بطور فرینڈ آف کورٹ جیل میں ملاقات کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ چیف جسٹس کے مطابق اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور سلمان صفدر کی رپورٹس میں سہولتوں کی مطابقت ہے، بشریٰ بی بی کا علاج جیل حکام کی ذمہ داری ہے جو کہ بہتر انداز میں کیا جا رہا ہے، عمران خان کی اہلیہ جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں کسی بھی شکایت کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اڈیالہ جیل میں فراہم سہولتیں اورعلاج سے متعلق معاملات قانونی ضابطوں کے مطابق چل رہے ہیں، بشریٰ بی بی کی صحت اور سہولتوں پر رپورٹ کو سپریم کورٹ میں پہلے ہی زیر بحث لایا گیا ہے۔
گزشتہ روز عمران خان کی اہلیہ کو میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کیا، تاہم اس سے قبل بشریٰ بی بی کی آنکھ کا پروسیجر مکمل کیا گیا تھا۔
اڈیالہ میں ہی میڈیکل ٹیم نے تین بار بشریٰ بی بی کی آنکھ کا پروسیجر مکمل ہونے کے بعد طبی معائنہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ سے متعلق تکالیف اور مکمل طبی معائنہ، مزید علاج اور ٹیسٹ کیے جائیں گے، میڈیکل ٹیم کی جانب سے آپریشن کے دوسرے مرحلے سے متعلق بھی ایڈوائس کیا گیا ہے۔
