عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

دبئی (قدرت روزنامہ) ماہرینِ فلکیات نے عید الاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا تاہم حتمی اور سرکاری اعلان رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق امارات آسٹرونومی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے فلکیاتی حسابات کی روشنی میں سال 2026 (1447 ہجری) کے لیے عید الاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ بتا دی ہے۔

عرب یونین برائے فلکیات و خلائی سائنس کے رکن ابراہیم الجروان نے بتایا چاند کی پیدائش اتوار 17 مئی کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق رات 12 بج کر 1 منٹ پر ہوگی اور اس روز چاند غروبِ آفتاب کے تقریباً 58 منٹ بعد تک افق پر موجود رہے گا، جس کی وجہ سے سازگار موسم میں اس کی رویت کا قوی امکان ہے۔

فلکیاتی حسابات کے مطابق متوقع شیڈول کے تحت یکم ذی الحج: پیر، 18 مئی کو ہونے کا امکان ہے جبکہ یومِ عرفہ: منگل، 26 مئی کو ہوگا اور عید الاضحیٰ بدھ، 27 مئی کو منائی جائے گی۔

ماہرینِ فلکیات نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام تواریخ سائنسی اور فلکیاتی تخمینوں پر مبنی ہیں۔ عید الاضحیٰ اور ذی الحج کے آغاز کا حتمی اور سرکاری اعلان رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert