ایک چارج پر 410 کلومیٹر تک سفر! جانیں چیری ماسٹر پاکستان کی الیکٹرک گاڑیوں کی تفصیل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں آٹو موبائل صنعت تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کی جانب بڑھ رہی ہے اور اب چینی کمپنی چیری بھی مقامی مارکیٹ میں نئی پیش رفت کے لیے سرگرم دکھائی دے رہی ہے۔ چیری ماسٹر پاکستان جو چین کی چیری آٹوموبائل اور پاکستان کے ماسٹر گروپ آف انڈسٹریز کا مشترکہ منصوبہ ہے مستقبل قریب میں پاکستانی صارفین کیلئے دو سے تین نئی گاڑیاں متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے۔ان ممکنہ ماڈلز میں ٹگو 4ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل، کیو کیو بیٹری الیکٹرک وہیکل اور ٹگو وی شامل ہیں۔

کمپنی کے ایک بیان کے مطابق آٹو چائنا 2026 میں شرکت کے بعد چیری ماسٹر پاکستان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ پاکستانی صارفین کے لیے مزید جدید ماڈلز متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ یہ حکمتِ عملی چیری کے عالمی منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت آئندہ دو برسوں میں پیٹرول، ہائبرڈ اور الیکٹرک ٹیکنالوجی پر مبنی 13 نئی گاڑیاں لانچ کی جائیں گی۔ ان میں ایس یو ویز، سیڈان، شہری ٹرانسپورٹ اور پک اپ گاڑیوں کے مختلف ماڈلز شامل ہوں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ان گاڑیوں کی اہمیت اس لیے بڑھ رہی ہے کیونکہ صارفین اب بڑھتی ہوئی ایندھن قیمتوں اور بدلتی سفری ضروریات کے باعث ایسی گاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں جو کم ایندھن خرچ کریں عملی استعمال میں آسان ہوں اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں۔

چیری ماسٹر پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیر ملک نے کہا کہ پاکستان جدید سفری ٹیکنالوجیز کے لیے ایک اہم ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔ ان کے مطابق کمپنی اس وقت ایسے ماڈلز کا جائزہ لے رہی ہے جو مقامی سڑکوں، صارفین کی توقعات اور مستقبل کی نقل و حرکت کے رجحانات سے ہم آہنگ ہوں۔

آٹو چائنا 2026 کے دوران چیری نے کیو کیو بی ای وی بھی پیش کی جو ایک کمپیکٹ الیکٹرک گاڑی ہے اور ایک بار چارج ہونے پر تقریباً 410 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ گاڑی نسبتاً کم قیمت شہری ٹرانسپورٹ کے طور پر متعارف کروائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے گنجان شہروں میں اس کی افادیت زیادہ ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ٹگو وی کانسیپٹ ایک ایسی ہمہ جہت گاڑی کے طور پر سامنے آیا ہے جس میں ایس یو وی جیسی کشادگی، ایم پی وی جیسی سہولت اور پک اپ طرز کی افادیت کو یکجا کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کی کثیر المقاصد خصوصیات پاکستان میں خاندانی استعمال والی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ سے کافی مطابقت رکھتی ہیں جہاں لوگ ایسی گاڑیاں پسند کرتے ہیں جو کاروبار، روزمرہ استعمال اور سفری ضروریات سب پوری کر سکیں۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ ٹگو 4 ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل چیری کے ہائبرڈ پورٹ فولیو کو نسبتاً کم قیمت والے حصے تک وسعت دے گی، جس سے پاکستان کی کمپیکٹ ایس یو وی مارکیٹ میں نئے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بہتر فیول اکانومی اور مکمل الیکٹرک گاڑیوں کے لیے محدود چارجنگ انفراسٹرکچر کے باعث ہائبرڈ ٹیکنالوجی تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور ایسے ماڈلز ملک میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert