پاکستان پر میلی آنکھ ڈالنے والوں کو بھرپور جواب اور عبرتناک سبق دیا جائے گا، نواب ثناء اللہ زہری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے 9 مئی کے معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال افواجِ پاکستان نے بھارت کے ناپاک عزائم اور خوابوں کو چکنا چور کرکے دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ملک دشمن عناصر پر یہ بات آشکار ہوچکی ہے کہ پاکستان پر میلی آنکھ ڈالنے والوں کو نہ صرف بھرپور جواب دیا جائے گا بلکہ انہیں عبرتناک سبق بھی سکھایا جائے گا رکن بلوچستان اسمبلی نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مضبوط، باوقار اور طاقتور ریاست کے طور پر دیکھا جارہا ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو صدرِ مملکت اور فیلڈ مارشل پر فخر ہے جن کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنادیے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قومی دفاع کے عزم کا عملی مظاہرہ کرکے ثابت کردیا کہ وہ دنیا کی بہترین اور طاقتور افواج میں شمار ہوتی ہے۔
