مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے الخدمت ہسپتال بروری روڈ میں عمیر ثنا فانڈیشن کے تعاون سے قائم کردہ سلیم شہید تھیلیسیمیا سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے الخدمت ہسپتال بروری روڈ میں عمیر ثنا فانڈیشن کے تعاون سے قائم کردہ سلیم شہید تھیلیسیمیا سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالحق ہاشمی، الخدمت فانڈیشن بلوچستان کے صدر عبدالمجید سربازی، ڈاکٹر نعت اللہ، عبدالنعیم رند اور دیگر سماجی و فلاحی شخصیات سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر 15 نوجوانوں نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون کے عطیات بھی دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک خطرناک موروثی مرض ہے جس سے بچا کے لیے عوامی شعور اور شادی سے قبل ٹیسٹ کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں الخدمت فانڈیشن محدود وسائل کے باوجود انسانیت کی خدمت میں صفِ اول میں ہے اور یہ سینٹر صوبے بھر کے مریضوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ مولانا ہدایت الرحمن نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے کی عادت اپنائیں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں صحت کے شعبے اور تھیلیسیمیا کے علاج کے لیے جدید مراکز قائم کیے جائیں۔ آخر میں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
