معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار فتح، قومی و عالمی میڈیا کا بھی اعتراف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معرکہ حق میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کی قومی اور عالمی میڈیا پر گونج رہی۔

بزدل دشمن نے رات کے اندھیرے میں وار کیا تو پاک فوج نے دن کے اجالے میں عبرتناک جواب دیا۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی نے بھارت کے اربوں ڈالرز کے دفاعی نظام کو دھول چٹائی۔

بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کی گونج دنیا بھر کے میڈیا پر سنائی دی۔

عالمی دفاعی ماہرین نے آپریشن بنیان مرصوص کو بھارتی جارحیت کے خلاف موثر اور دندان شکن جواب قرار دیا۔ پاکستان کے بھارت کو منہ توڑ جواب نے دشمن کے مضبوط دفاع کے کھوکھلے دعوؤں کو بےنقاب کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو پھر پوری دنیا دیکھے گی۔ قومی میڈیا پر بھی پاکستان کی فتح کے چرچے رہے اور اسے ملکی دفاعی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا۔

دفاعی ماہرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے جوابی حملے کو عسکری برتری کی بہترین مثال قرار دیا۔ مسلح افواج نے اپنے سے 5 گنا بڑے ازلی دشمن کو عبرتناک شکست دے کر ثابت کیا کہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

WhatsApp
Get Alert