بارسلونا میں ’جشنِ معرکہ حق‘ کی شاندار تقریب، یورپ بھر سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد میں شرکت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بارسلونا (اسپین) یورپ پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن اسپین کے زیرِ اہتمام ’جشنِ معرکۂ حق‘ اور ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک تاریخی اور شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کو یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جا رہا ہے جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں، کشمیری برادری اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ شرکا پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر بھی نمایاں تھیں۔ اس موقع پر ’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین یورپ پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغۂ خدمت) تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے 2025 میں بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے پاک فوج اور خصوصاً جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے دشمن کو مؤثر جواب دیتے ہوئے اس کے 8 لڑاکا طیارے مار گرائے جبکہ پاکستان نیوی نے اپنی شاندار حکمتِ عملی سے دشمن کے بحری خطرات کو ہزاروں میل دور رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان کی مسلح افواج بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
تقریب کی صدارت یورپ پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن اسپین کے صدر کامران خان نے کی جبکہ یورپ پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن پرتگال کے صدر سید قاسم سجاد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ تحریکِ آزادی کشمیر کے رہنما راجہ حسنین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی میں مہر افضال آف بزُرگوال، چوہدری میاں خان آف ماچھی وال، میاں عاطف نذیر، مہر نواز آف جھنگ، چوہدری قربان مرہانہ، راجہ مدثر بولانی، چوہدری عزیز امرہ، چوہدری سلیم لنگڑیال اور چوہدری محمد اقبال شامل تھے۔
اختتام پر شرکا نے پاکستان، کشمیر، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کیا اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت پر اعتماد کا اعادہ کیا۔
