دبئی میں کھولے جانے والے دنیا کے پہلے اے آئی اسمارٹ بس اسٹیشن کی خصوصیات کیا ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دبئی میں دنیا کے پہلے مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اسمارٹ بس اسٹیشن کا افتتاح کردیا گیا، جسے شہری ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی جانب سے ’مال آف دی ایمریٹس‘ کے مقام پر قائم کیا گیا یہ جدید اسٹیشن جدید ڈیجیٹل سہولیات، ماحول دوست ٹیکنالوجی اور 24 گھنٹے فعال اسمارٹ سروسز سے لیس ہے۔
یہ اسمارٹ بس اسٹیشن براہِ راست مال آف دی ایمریٹس میٹرو اسٹیشن سے منسلک ہے اور دبئی کے رہائشی، تجارتی اور سیاحتی علاقوں کو ملانے والی 11 بس روٹس کو سہولت فراہم کرے گا۔ حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کو زیادہ تیز، محفوظ اور آسان بنانا ہے تاکہ شہری نجی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کو ترجیح دیں۔
اسٹیشن میں جدید اے آئی کیمروں کے ذریعے ہجوم کی نگرانی، بسوں میں مسافروں کی تعداد کا حقیقی وقت میں اندازہ، ڈیجیٹل معلوماتی اسکرینیں اور اسمارٹ کیوسک نصب کیے گئے ہیں۔ مسافر ان اسکرینوں پر بس اور میٹرو کی آمد کے اوقات، ٹیکسیوں کی دستیابی، اسٹیشن کا نقشہ اور قریبی مقامات کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
اسمارٹ کیوسک میں موجود ورچوئل اسسٹنٹ سفر کی منصوبہ بندی، سوالات کے جواب اور ’لاسٹ اینڈ فاؤنڈ‘ خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔ مسافر ڈیجیٹل طریقے سے ٹکٹ خریدنے اور ’نول کارڈ‘ ری چارج کرنے کی سہولت بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
آر ٹی اے کے مطابق اسٹیشن میں نصب سولر پینلز بجلی پیدا کرتے ہیں جبکہ ہوا کے معیار پر نظر رکھنے کے لیے اسمارٹ سینسر بھی نصب کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ دبئی کو دنیا کے جدید ترین اور ماحول دوست شہروں میں شامل کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert