وزیراعظم سے قطری ہم منصب کا رابطہ، علاقائی امن عمل پر تبادلہ خیال

دوحہ (قدرت روزنامہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آج قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آلجاسم آلثانی نے ٹیلی فون کیا۔
پاکستان اور قطر کے وزرائے اعظم نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں جاری امن کی کوششوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے امن اقدامات کے لیے قطر کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت پر تعریف کی، دونوں رہنماؤں نے امن کی جاری کوششوں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کی طرف سے تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ریاست قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو تہنیتی پیغام پہنچایا اور کہا کہ وہ امیر قطر کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، امیر قطر کے دورے سے پاکستان اور قطر کی پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں مدد ملے گی۔
